”مجھے ٹی 20 سکواڈ سے اس لئے نکالا گیا ہے کیونکہ۔۔۔“ محمد عامر نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا

16

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا تو اس میں محمد عامر اور وہاب ریاض کے نام نہ دیکھ کر پاکستانی حیران پریشان رہ گئے جبکہ خود محمد عامر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی سزا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ محمد عامر نے 2019ءمیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ محمد عامر کے اس فیصلے کی ناصرف مداحوں سے مخالفت کی بلکہ سابق کرکٹرز بھی ان کے اس فیصلے کو نہ سراہا اور کہا

کہ پی سی بی نے سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد ایک مرتبہ پھر محمد عامر کو موقع دیا اور ان پر خاصی سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے، لیکن جب پاکستان کیلئے کچھ کرنے کا وقت آیا تو انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ مصباح الحق نے آج سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے جب یہ بتایا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کو شامل نہیں کیا گیا تو ٹوئٹر پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔ معروف سپورٹس اینکر زینب عباس نے بھی اس حوالے سے ایک ٹویٹ کی اور کہا کہ محمد عامر نے بی پی ایل کے ایک میچ میں 6 وکٹیں لیں، انہیں سکواڈ سے کیوں نکالا گیا ہے؟ محمد عامر نے زینب عباس کے اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ اس کی وجہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ہے مگر کچھ دیر بعد ہی اپنا جواب ڈیلیٹ کر دیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی کیونکہ ان کی ٹویٹ کے سکرین شاٹس لئے جا چکے تھے جو اب سوشل میڈیا پرخوب وائرل ہو رہے ہیں۔