اردن کی شہزادی بنیں ملک کی پہلی خاتون پائلٹ، ایوی ایشن ونگز لگانے کی تقریب میں بادشاہ کی خوشی دیدنی، ویڈیو وائرل

5

اردن کی شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ ابن الحسین ملک میں پائلٹ ٹریننگ کا امتحان پاس کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔اردنی مسلح افواج سے تربیت پانے والی شہزادی سلمیٰ کو خود ان کے والد بادشاہ عبداللہ ابن الحسین نے ایوی ایشن ونگز لگائے۔بیٹی کی کامیابی پر بادشاہ کے چہرے کی خوشی دیدنی تھی۔ عریبین رائل ایجنسی کے مطابق عرب ملک اردن میں پہلی بار کسی خاتون نے مسلح افواج کے زیر تربیت پائلٹ کا تھیوری اور پریکٹیکل کے امتحانات پاس کرنے کااعزاز حاصل کرلیا۔یہ خاتون اردن کے بادشاہ عبداللہ ابن الحسین کی صاحبزادی شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ ابن الحسین ہیں۔ انیس سالہ شہزادی کو ایوی ایشن ونگز سے نوازنے کی پروقار تقریب شاہی محل میں ہوئی جہاں ان کے والدبادشاہ عبداللہ نے انہیں ایوی ایشن ونگز لگائے۔اس موقع پر ان کی والدہ ملکہ رانیہ اور بڑے بھائی اور ولی عہد شہزادہ حسین بھی موجود تھے۔ شہزادی سلمیٰ نے رائل ملٹری اکیڈمی سے نومبر 2018میں شارٹ کمیشند کورس مکمل کیا، تاہم وہ رائل اکیڈمی میں تعلیم حاصل کرنے والی پہلی خاتون نہیں ہیں بلکہ ان سے پہلے ان کی پھپھو شہزادی عائشہ بنت حسین مشرق وسطیٰ کی پہلی خاتون بنیں جنہیں رائل ملٹری اکیڈمی میں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کااعزاز حاصل ہوا۔ ان کے بھائی اور اردنی فوج کے لیفٹیننٹ الحسین بن عبداللہ نے انسٹاگرام پر اپنی بہن کو مبارکباد دی۔