میں صرف ٹی 20 باؤلر نہیں۔۔۔ ڈیل سٹین سے کون سا بڑا ہنر سیکھا ہے،حارث رؤف نے زبردست انکشاف کر ڈالا

15

 بگ بیش لیگ میں دھوم مچانےوالے پاکستانی پیسر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کا خواہاں ہوں،باؤلنگ کوچ وقار یونس کے فون نے حوصلہ بڑھا دیا، آسٹریلیا میں2سال کھیلنے سے کنڈیشنز کو سمجھنے اور کارکردگی دکھانے میں مدد ملی۔ایک انٹر ویو میں حارث رؤف نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میری توجہ صرف ٹی ٹونٹی کرکٹ پر مرکوز ہے، میں نے ون ڈے میچز میں بھی کارکردگی دکھائی، فرسٹ کلاس کرکٹ میں لمبےسپیل بھی کیے،صرف ٹی ٹونٹی بولر ہونےکا ٹائٹل درست نہیں، تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے مجھے آسٹریلیا بھیجا، وہاں کھیلنے کا تجربہ 2سال بعد بگ بیش میں کام آیا،کنڈیشنز کا علم ہونےکی وجہ سے میں بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا، میلبورن میں ہیٹ ٹرک ایک یادگار لمحہ تھا، ابھی ملک کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا

تاہم اسکے باوجود بگ بیش کا کنٹریکٹ ملنے کو بڑی کامیابی خیال کرتا ہوں، میلبورن سٹارز کا ماحول بڑا شاندار اور فیملی جیسا ہے، آئندہ سیزن میں بھی انہی کیلئے کھیلوں گا۔ حارث رؤف کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز اور عاقب جاوید نے میرا کیریئر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، فرنچائز کے ٹرائلز نے زندگی بدل دی،کبھی سوچا نہیں تھا کہ اس سطح کی کرکٹ کھیلوں گا اور اب ہر کوئی مجھے پاکستانی ٹیم میں شامل کرنے کی بات کررہا ہے۔پیسر نے کہا کہ قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کی جانب سے حوصلہ افزائی پر بڑی خوشی ہوئی، انھوں نے مجھے محنت جاری رکھنے کیلئے کہا، اگر پاکستان کی طرف سے کھیلنے کا موقع ملا تو بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ حارث نے کہا کہ بگ بیش کے دوران ڈیل سٹین کے ساتھ نیٹ، میچز اور ڈریسنگ روم میں زیادہ وقت گزارتے ہوئے سیکھنے کی کوشش کی، ان سے آؤٹ سوئنگ کنٹرول کرنےکا ہنر سیکھا۔حارث رؤف نے اعتراف کیا کہ وکٹ حاصل کرنے پر گلا کاٹنے کا ایکشن بنانا درست نہیں تھا، غلطی پر معافی بھی مانگ لی، کوچ عاقب جاوید نے بھی فون کرکے میری سرزنش کی تھی،میں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلطی آئندہ نہیں دہراؤں گا،اگلے میچ میں اسی لیے اس غلطی پر معافی کا سٹائل اپنایا۔یاد رہے کہ حارث رؤف کا وکٹ لینے پر جشن کا یہ انداز شائقین کو نہیں بھایا تھا، خاص طور پر سوشل میڈیا پر بھارتیوں نے اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔