دنیا کی سب سے خوبصورت دادی

7

 آئرلینڈ کی ایک ماں بیٹی کی تصاویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہیں جہاں کوئی صارف بھی انہیں ماں بیٹی تسلیم کرنے کو تیار نہیں بلکہ ہر شخص کا کہنا ہے کہ وہ دونوں بہنیں ہیں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ یہ ماں اب دو بچوں کی نانی بھی بن چکی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس خاتون کا نام فلپا نیرن ہے جس کی عمر اس وقت 38سال ہے۔ وہ 16سال کی تھی جب اس نے اپنی بیٹی سٹیفنی کو جنم دیا۔ سٹیفنی کی عمر اس وقت 22سال ہے اور اس کے دو بچے ہیں۔ اس نے بھی 16سال کی عمر میں پہلے بچے کو جنم دیا جس پر فلپا نیرن محض 33سال کی عمر میں نانی بن گئی۔سٹیفنی کے بیٹے کیڈن کی عمر اس وقت 6سال اور بیٹی لیلا کی عمر 3سال ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلپا نیرن کا کہنا ہے کہ ”ہم ماں بیٹی کی عمر میں بہت کم فرق ہونے کی وجہ سے لوگ ہمیں بہنیں قرار دیتے ہیں۔ ہم دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب بھی ہیں اور ہمارا تعلق ماں بیٹی سے زیادہ سہیلیوں والا ہے۔ شاید اس کی ایک بڑی وجہ ہماری عمروں میں زیادہ فرق کا نہ ہونا ہے۔ ہم میوزک کنسرٹس میں بھی اکٹھی جاتی ہیں اور تفریح کے دیگر مشاغل سے بھی اکٹھی لطف اندوز ہوتی ہیں۔ “اس حوالے سے سٹیفنی کا کہنا تھا کہ ”میں اور میری ماں کی عمر میں اتنا کم فرق ہے کہ ہم ایک ساتھ بڑی ہوئی ہیں۔ ایسے میں اگر لوگ ہمیں ماں بیٹی کی بجائے بہنیں سمجھتے ہیں تو اس میں اچنبھے کی کوئی بات نہیں۔میں اور میری ماں جتنا وقت ایک ساتھ گزارتی ہیں کم ہی ماں بیٹیاں ایک ساتھ گزارتی ہوں گی۔ ہم میں بہت کچھ یکساں ہے۔ ہماری پسند نا پسند بھی بہت ملتی جلتی ہے۔لوگ اکثر ہمیں بہنیں اور میرے بچوں کو میری ماں کے بچے سمجھتے ہیں، حالانکہ وہ ان بچوں کی نانی ہے۔“انٹرنیٹ پر حقیقت جاننے کے بعد صارفین فلپا نیرن کو دنیا کی خوبصورت ترین نانی کا خطاب بھی دے رہے ہیں۔