دنیا کے 1 ارب سے زائد لوگوں کی تفصیلات ڈارک ویب پر لیک ہوگئیں، انتہائی تشویشناک خبر آگئی

29

 ہیکنگ کی اب تک کئی بڑی وارداتیں ہو چکی ہیں تاہم ان میں ایک یا چند ممالک متاثر ہوئے، لیکن اب اس حوالے سے ایسی خبر آ گئی ہے کہ سن کر پوری دنیا چکرا کر رہ گئی۔ میل آن لائن کے مطابق سائبر سکیورٹی ماہرین نے یہ ہولناک انکشاف کیا ہے کہ ڈارک ویب (خفیہ انٹرنیٹ)پر دنیا کے 1ارب 20کروڑ سے زائد لوگوں کی پروفائلز ہیکرز کے لیے دستیاب کی جا چکی ہیں۔ ان پروفائلز میں موجود ڈیٹا ہیکرز نے لوگوں کے اکاﺅنٹس ہیک کرکے یا دیگر ذرائع سے حاصل کیا اور اسے ڈارک ویب پر لیک کر دیا۔ یہ انکشاف وینی ٹوریا نے باب ڈیاشنکو اور دیگر سائبر سکیورٹی ریسرچرز کے ساتھ مشترکہ تحقیق کے بعد کیا۔ وینی ٹوریا کا کہنا تھا

کہ” ان پروفائلز میں ان لوگوں کے فون نمبرز، سوشل میڈیا اکاﺅنٹس، ای میل ایڈریسز، ورک ہسٹری اور دیگر تمام معلومات دستیاب ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈارک ویب پر ان ایک ارب بیس کروڑ سے زائد لوگوں کی اس قدر معلومات پڑی ہیں کہ کوئی بھی ہیکر ان میں سے کسی بھی شخص کا روپ دھار سکتا ہے اور آن لائن فراڈ یا ہیکنگ کی کوئی بڑی کارروائی کر سکتا ہے۔ہم نے پہلی بار ڈارک ویب پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی انتہائی نجی معلومات دیکھی ہیں، جن تک ہیکرز باآسانی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ان معلومات کے ذریعے ان ایک ارب بیس کروڑ لوگوں میں سے کسی کے بھی آن لائن اکاﺅنٹس ہیک کیے جا سکتے ہیںیا ان کی شناخت سے جعلی اکاﺅنٹ بنا کر کوئی واردات کی جا سکتی ہے۔“