Advertisement

جنوبی افریقہ کیخلاف آخری ٹی 20 میں شاندار باؤلنگ!! فاسٹ باؤلر محمد عامر ٹی20 کے کامیاب ترین لیفٹ آرم پیسر بن گئے

Advertisements

قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے کامیاب ترین لیفٹ آرم پیسر بن گئے ہیں ۔ 26سالہ محمد عامر نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی مقابلے میں3شکار کرکے اپنی ٹی ٹونٹی وکٹوں کی تعداد 55تک پہنچا لی جس کے ساتھ ہی وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم پیسر بن گئے ہیں ، محمد عامر سے پہلے یہ اعزاز ایک اور پاکستانی فاسٹ باﺅلر سہیل تنویر کے پاس تھا جنہوں نے54وکٹیں حاصل کررکھی تھیں،محمد عامر اب تک42ٹی ٹونٹی مقابلوں میں19.38کی اوسط سے55وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر نے اپنے آخری 11ٹی ٹونٹی مقابلوں کے دوران41اوورز میں257رنز دے کر12.24کی اوسط سے 21وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس دوران ان کا اکانومی ریٹ6.27رہا،ان میں 3دفعہ میچ میں 3وکٹیں اور ایک مرتبہ میچ میں4وکٹیں لینے کا اعزاز بھی شامل ہے۔


یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے 169 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 141 رنز ہی بنا سکی، مڈل آڈر بیٹسمین وینڈر ڈوسن 41 اور مورس55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہینڈرکس 5، ملان اور کلاسن 2، 2 جب کہ کپتان ملر13، پھلکوایو 10، اوربی ہینڈرکس3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، فہیم اشرف اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، قومی ٹیم کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ شارٹس کھیلے اور تیز رفتاری سے سکور میں اضافے کی وجہ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔

گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 168 رنز بنائے، شاداب خان نے آخری اوور میں 3 شاندار چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو فائٹنگ ہدف تک پہنچایا، شاداب خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد رضوان 26 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بابر اعظم نے 23، فخرزمان نے 17، شعیب ملک نے 18،حسین طلعت 3، عماد وسیم 19،فہیم اشرف 4 اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر ہینڈرکس رہے جنہوں نے 4 شکار کیے، مورس کے حصے میں 2، سپملا اور پھلکوایو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا دو ٹی ٹونٹی میچز میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرچکی ہے، پہلے دونوں میچوں میں ہدف کے تعاقب کرتے ہوئے گرین کیپس بھرپور مقابلے کے باوجود فتح سے ہمکنار ہونے میں ناکام رہی۔

Advertisement

x

We use cookies to give you the best online experience. By agreeing you accept the use of cookies in accordance with our cookie policy.

I accept I decline Privacy Center Privacy Settings